میسی کے الوداعی میچز کے نام پر افریقی ٹیموں کو مشکلات، ناقص انتظامات نے دوروں کو تلخ تجربہ بنا دیا

میسی کے الوداعی میچز کے نام پر افریقی ٹیموں کو مشکلات، ناقص انتظامات نے دوروں کو تلخ تجربہ بنا دیا
View on original source
카테고리: 스포츠
공유
보관함
좋아요
بیونس آئرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2026ء) ارجنٹائن کے خلاف دوستانہ فٹ بال میچز کھیلنے کے لیے بینن اور برکینا فاسو کی ٹیموں کے دورے خوشگوار یادوں کے بجائے سفری مشکلات، ناقص انتظامات اور مالی معاملات پر سوالات چھوڑ گئے۔ عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرلیونل میسی کی موجودگی کے باعث ان مقابلوں کو افریقی کھلاڑیوں کے لیے بڑا موقع قرار دیا جا رہا تھا، تاہم دونوں ٹیموں کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ اے ایف پی کے مطابق بینن کے وفد کے ایک رکن نے بتایا کہ بیونس آئرس پہنچنے کے لیے کئی دن صرف ہوئے، ہوٹل میں گرم پانی دستیاب نہیں تھا اور تربیتی سہولیات بھی معیار کے مطابق نہیں تھیں۔ ان کے مطابق دوستانہ میچ سے حاصل ہونے والی آمدنی اور نشریاتی حقوق سے ہونے والے ممکنہ منافع میں افریقی فٹ بال ایسوسی ایشنز کو کوئی حصہ نہیں ملا۔ بینن کی ٹیم، جسے چیتاز کہا جاتا ہے، نے ارجنٹائن کے خلاف میچ میں 0-3 سے شکست کھائی۔ میچ سے قبل بینن کے دفاعی کھلاڑی محمد تیجانی نے لیونل میسی کو دنیا کا بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے ان سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔برکینا فاسو کی ٹیم کا دورہ مزید مشکلات کا شکار ہوا۔ میچ سے ایک روز قبل مراکش میں کنیکٹنگ پرواز منسوخ ہونے کے باعث ٹیم وہاں پھنس گئی۔ منتظمین نے آخری وقت میں متبادل پرواز کا انتظام کیا، تاہم سینئر ٹیم نے ناراضی کے باعث سفر سے انکار کردیا۔ نتیجتاً برکینا فاسو نے انڈر 23 ٹیم کو فوری طور پر ارجنٹائن بھیجا، جو میچ سے چند گھنٹے قبل پہنچی اور اسے 0-7 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس صورت حال پر برکینا فاسو کے فوجی حکمران ابراہیم تراؤرے نے ملک میں فٹ بال کی حالت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اصلاحی اقدامات کا عندیہ دیا۔ برکینا فاسو فٹ بال فیڈریشن کے عہدیدار ابراہیم دیاندا نے بھی خبردار کیا کہ اگر متعلقہ فریقوں کے درمیان تعلقات بہتر نہ ہوئے تو نومبر کی بین الاقوامی ونڈو میں ایسی مشکلات دوبارہ پیدا ہوسکتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان مقابلوں کے انتظامات اور مالی معاملات پر ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن کو بھی تنقید کا سامنا ہے۔ ارجنٹائن میں بعض اخبارات اور سوشل میڈیا صارفین نے کمزور حریفوں کے خلاف دوستانہ میچز کے انعقاد پر سوالات اٹھائے ہیں۔ تاہم افریقی فٹ بال کے ایک ماہر کے مطابق چھوٹی ٹیمیں عموماً ایسے انتظامات قبول کرلیتی ہیں کیونکہ ان کے ذریعے حریف تلاش کرنے اور میچوں کے انعقاد کی ذمہ داری منتظمین اٹھاتے ہیں۔ ارجنٹائن نے رواں سال عالمی کپ کی تیاریوں کے دوران موریطانیہ کو 1-2 اور زیمبیا کو 0-5 سے شکست دی تھی۔ اس سے قبل نومبر 2025 میں لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹائن نے انگولا کے یوم آزادی کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر دوستانہ میچ کھیلنے کے لیے لوانڈا کا دورہ کیا تھا، جہاں اسے 0-2 سے کامیابی ملی تھی۔ اس مقابلے کے لیے ارجنٹائن کو کئی ملین ڈالر کی رقم ملنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔ برکینا فاسو میں پیدا ہونے والے تنازع کے بعد میچ کے منتظم ادارے یوروڈیٹا سپورٹ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس نے معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کیں، تاہم ادارے نے اے ایف پی کی جانب سے مزید وضاحت کے لیے بھیجے گئے سوالات کا جواب نہیں دیا۔دوستانہ میچوں کے ان واقعات نے بین الاقوامی فٹ بال میں مالی مفادات، ٹیموں کے ساتھ یکساں سلوک اور منتظمین کی ذمہ داریوں سے متعلق بحث کو دوبارہ نمایاں کردیا ہے۔

(0)댓글

 

쿠키 안내

Newshunt는 로그인 상태 유지와 언어 및 국가 설정 기억을 위해 필수 쿠키를 사용하여, 사이트가 기대하신 대로 작동하도록 합니다. 동의하시면, 사용자가 Newshunt를 어떻게 이용하는지 파악하고 지속적으로 개선하기 위해 분석용 쿠키도 사용하고자 합니다.

동의는 분석 기능에만 영향을 미칩니다. 자세한 내용은 개인정보처리방침 or 이용약관.