مجھے آج تک نہیں معلوم کہ میں کامیاب کیسے ہوا: عاطف اسلم

Image
View on original source
زمرہ: تفریح
شیئر کریں
آرکائیو
پسند کریں
پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم(Atif Aslam) نے اپنی کامیابی اور موسیقی کے سفر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں آج تک معلوم نہیں کہ وہ کامیاب کیسے ہوئے۔ سوشل میڈیا پر 11 ملین سے زائد فالوورز رکھنے والے عاطف اسلم اپنی پُرسوز اور جذباتی آواز کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں خاص مقام رکھتے ہیں، ان کے معروف گانوں میں 'عادت'، 'کچھ اس طرح'، 'بخدا' اور 'دل دیاں گلاں' سمیت کئی مقبول گیت شامل ہیں۔ حال ہی میں عاطف اسلم نے بھارت کے معروف یوٹیوب چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی شہرت، کامیابی اور موسیقی سے وابستگی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔ اپنی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے عاطف اسلم نے کہا کہ انہیں خود بھی اندازہ نہیں تھا کہ وہ کس طرح کامیاب ہوئے، ایک گانے کے بعد انسان سوچتا ہے کہ اب آگے کیا ہوگا، جبکہ دوسرے گانے کے بعد یہ خیال آنے لگتا ہے کہ شاید لوگ اسے پسند نہیں کرتے۔ گلوکار نے کہا کہ البم ریلیز ہونے کے بعد صورتحال مزید مشکل ہو جاتی ہے کیونکہ اس کے ساتھ ذمہ داری کا احساس بھی پیدا ہو جاتا ہے۔ عاطف اسلم نے کہا کہ بہت سے لوگ ان کی کامیابی کو محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہیں، تاہم ان کے خیال میں کوئی خاص محنت نہیں تھی بلکہ اللہ تعالیٰ انسان کو وہاں لے جاتا ہے جہاں وہ اسے دیکھنا چاہتا ہے۔ مزیدپڑھیں:'میسجز کا جواب ہی نہیں دیتی'، امیتابھ بچن کا پریتی زنٹا سے شکوہ موسیقی چھوڑنے سے متعلق سوال پر عاطف اسلم نے کہا کہ انہوں نے کبھی گائیکی یا موسیقی سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بارے میں نہیں سوچا، تاہم بعض اوقات فنکار تخلیقی جمود کا شکار ہو جاتا ہے اور ان کے نزدیک یہ کیفیت بھی ایک فنکار کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت ایسا آتا ہے جب فنکار خود کو خالی محسوس کرتا ہے اور کچھ لکھ یا تخلیق نہیں کر پاتا، لیکن اسے بھی اس مرحلے سے گزرنا ہوتا ہے۔ عاطف اسلم کے مطابق پھر ایک وقت آتا ہے جب انسان کو محسوس ہوتا ہے کہ اس کا تخلیقی 'جام' دوبارہ بھر چکا ہے، ایسے میں وہ خاموشی سے بیٹھتا ہے، اللہ کا شکر ادا کرتا ہے اور اس کیفیت سے لطف اندوز ہوتا ہے۔

(0)تبصرے