تھائی لینڈ: 14 سالہ نو عمر طالب علم کی فائرنگ سے دادا، دادی اور اساتذہ سمیت 7 افراد ہلاک

تھائی لینڈ: 14 سالہ نو عمر طالب علم کی فائرنگ سے دادا، دادی اور اساتذہ سمیت 7 افراد ہلاک
View on original source
زمرہ: سیاست
شیئر کریں
آرکائیو
پسند کریں
بینکاک(7 اگست 2026): تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے نواحی علاقے میں واقع ایک اسکول میں 14 سالہ طالب علم کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں اساتذہ اور طلبہ سمیت کم از کم 7 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔ تھائی لینڈ کی نیشنل پولیس کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ٹرائرونگ فوفھان کے مطابق، مشتبہ حملہ آور نویں جماعت کا طالب علم تھا جو اس خونی کھیل کے بعد خود بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس سفاکانہ کارروائی کا آغاز اس وقت ہوا جب حملہ آور نے جمعہ کے روز اسکول جانے سے قبل اپنے گھر میں فائرنگ کرکے اپنے دادا اور دادی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس کے بعد وہ بینکاک کے شمال میں واقع 'ڈیبسرین نونتھابوری اسکول' پہنچا اور وہاں اندھا دھند گولیاں برسا دیں۔ جائے وقوعہ سے کُل 26 خول برآمد ہوئے ہیں جبکہ مزید 34 زندہ کارتوس بھی ملے ہیں۔ اسکول کے ایک 18 سالہ طالبعلم نے ہولناک منظر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے پہل اسے یوں لگا جیسے کوئی پٹاخے چلا رہا ہو یا کسی چیز پر ضرب لگا رہا ہو، لیکن جب مسلسل فائرنگ کی آوازیں آئیں تو سارا ماحول خوف و ہراس کی لپیٹ میں آگیا۔ تھائی وزیر تعلیم پراسرت جانتاراروانگٹونگ نے خبر رساں ادارے 'روئٹرز' سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والوں میں اساتذہ اور طلبہ بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع اور رضاکاروں کے مطابق زخمیوں کو کمر، سینے اور بازوؤں پر گولیاں لگی ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے شدید زخمی ہونے والی ایک خاتون معلمہ کی جان بچانے کے لیے آدھا گھنٹہ تک سی پی آر بھی دیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ واضح رہے کہ رواں برس تھائی لینڈ میں اسکول میں فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے، جس کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی اور طلبہ میں اسلحے کی رسائی پر شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

(0)تبصرے

 

کوکیز کے بارے میں ایک نوٹ

نیوزہنٹ آپ کو سائن ان رکھنے اور آپ کی زبان اور ملک یاد رکھنے کے لیے ضروری کوکیز استعمال کرتا ہے، تاکہ سائٹ آپ کی توقع کے مطابق کام کرے۔ آپ کی اجازت سے، ہم یہ سمجھنے کے لیے تجزیاتی کوکیز بھی استعمال کرنا چاہتے ہیں کہ لوگ نیوزہنٹ کو کیسے استعمال کرتے ہیں اور وقت کے ساتھ اسے بہتر بنانا چاہتے ہیں۔

قبول کرنا صرف تجزیات کو متاثر کرتا ہے۔ مزید جاننے کے لیے دیکھیں پرائیویسی پالیسی or شرائط و ضوابط.