اسلام آباد : پاکستانی معیشت کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، اوورسیز پاکستانیوں نے 3.63 ارب ڈالر وطن بھیج دیے، جس پر وزیراعظم نے شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ترسیلاتِ زر میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ جولائی 2026 میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 3 ارب 63 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر وصول ہوئی ہیں۔
مرکزی بینک کا کہنا تھا کہ جولائی 2025 کے مقابلے میں ترسیلاتِ زر میں 13 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور جون 2026 کے مقابلے میں جولائی میں 4.5 فیصد بہتری دیکھی گئی۔
مختلف ممالک سے موصول ہونے والی رقم میں سعودی عرب سے سب سے زیادہ 91 کروڑ 39 لاکھ ڈالر ، متحدہ عرب امارات سے 73 کروڑ 73 لاکھ ڈالر ، برطانیہ سے 55 کروڑ 55 لاکھ ڈالر بھیجے گئے۔
اس کے ساتھ ہی امریکا سے 31 کروڑ 72 لاکھ ڈالر کی ترسیلات ریکارڈ کی گئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے جولائی میں 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جولائی میں سال بہ سال کی بنیاد پر ترسیلات زر میں 13 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر بھی ترسیلات زر میں 4.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں اضافہ خوش آئند ہے، سمندر پار پاکستانی ملکی معیشت کے استحکام میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانی قومی معاشی دھارے کا بیش قیمت جزو ہیں۔
(0)تبصرے